کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بجلی کی باقاعدگی سے فراہمی کیلئے انتظامات کرلیئے ہیں جن کے تحت کوئٹہ میں عیدالفطر کے دن لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جبکہ کوئٹہ سے باہر تمام سٹی اور ضلعی ہیڈکوارٹرز کو عید کےروز صبح 5 بجے سے رات 12 بجے تک بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے گی ، جس کے بعد ان علاقوں کو معمول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی ۔ ترجمان کے مطابق صوبے میں تمام دیہی اور زرعی فیڈروں پر بے بحاشا لوڈ کی وجہ سے ان کو پرانے لوڈمینجمنٹ شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی ۔ ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو افسر کیسکو کی خصوصی ہدایت پر کیسکو نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران سنٹرل کمپلینٹ سیل زرغون روڈ کوئٹہ ٹیلیفون نمبرز 0819201445 اور 0812829753 کو سنٹرل مانیٹرنگ اینڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قرار دیا ہے ۔ سینٹرل مانیٹرنگ اینڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر چیف انجینئر اور چیف انجینئر آپریشن ڈائریکٹر کی سربراہی میں ایگزیکٹو انجینئر اور ایس ڈی او پرمشتمل عملہ تین شفٹوں میں 24 گھنٹے مسلسل آپریشنل رہے گا ، نیز سینٹرل مانیٹرنگ اینڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر صوبائی حکومت کے ماتحت کنٹرول روم 15 سے بھی رابطے میں رہے گا ۔ سینٹرل مانیٹرنگ اینڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر کسی بھی جگہ بجلی منقطع ہونے یا فنی خرابی پیدا ہونے کی شکایت پر بجلی کی بحالی کیلئے متعلقہ سب ڈویژن کو فوری کارروائی کا پابند بنائے گا ۔ کیسکو کے سنٹرل کمپلینٹ سیل تمام فیڈروں سے بجلی کی بندش ، مانیٹرنگ اور بجلی کی صورتحال سے متعلق بھی کیسکو چیف اور دیگر حکام کو آگاہ کرتا رہے گا ۔ تمام آپریشن سب ڈویژنز کے ایس ڈی اوز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ عیدالفطرکے روز اپنے اپنے متعلقہ کمپلینٹ سینٹر میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی جگہ بجلی کی بندش پر فوری طور پر اقدامات اٹھاکر کم سے کم وقت میں صارفین کی شکایت کا ازالہ کریں ، گرڈ سسٹم آپریشن (جی ایس او) کے افسران اور عملہ کو بھی سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران متعلقہ گرڈ اسٹیشن میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں ۔