• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوال کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں آج عیدالفطر

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر، آن لائن )شوال کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں آج عیدالفطر منائی جائیگی ،سعودی عرب، عرب امارات ، قطر، بحرینکویت، ترکیہ سمیت مختلف ممالک میں عید منائی گئی،چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ ماہ شوال المکرم 1446ھ کا چاند نظر آگیا، انہوں نے یہ اعلان اتوار کی شام مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے اجلاس کے بعد کیا ، دوسری طرف سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر مذہبی جوش وخروش سے منائی گئی، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روح پروز اجتماعات ہوئے، جہاں 20لاکھ سے زائد فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی،دبئی، قطر، بحرین، کویت، ترکیہ، روس میں بھی عید منائی گئی، اسرائیل کے ظلم اور بربریت کے شکار فلسطین میں بھی عیدالفطر منائی گئی ،بے گھر فلسطینی مسلما نوں نے کھلے آسمان تلے، خوراک کی شدید قلت اور بے پناہ مسائل کے دوران عیدالفطر منا ئی ۔فرانس اور امریکا کے کچھ علاقوں میں بھی عید منائی گئی ۔ادھر رویت ہلا کمیٹی کے اجلاس میں رابطہ کے فرائض وزارت مذہبی امور سے حافظ عبدالقدوس اور محمد خلیق جبکہ فنی معاونت کیلئے محکمہ موسمیات سے ڈاکٹر حسن بیگ، چیف میٹ سردار سرفراز، محکمہ سپارکو سے شوکت اللہ خان اور غلام مرتضیٰ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکومت پاکستان سے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔ اجلاس میں مرکزی رویت کمیٹی کے جو اراکین شریک ہوئے ، ان میں مفتی فضل جمیل رضوی، مولانا یسین ظفر، مفتی فیصل احمد، مفتی علی اصغر عطاری، قاری عبد الرؤف مدنی، مفتی ضمیر احمد ساجد، مولانا اشرف علی، مفتی قاری مہر اللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی، حافظ عبدالمالک بروہی اور زونل رویت ہلال کمیٹی اسلام آباد کے ممبران میں مفتی محمد اقبال نعیمی، علامہ سجاد حسین نقوی، مفتی عبدالسلام جلالی، مولانا ابوبکر صدیق حنیف، مولانا ہارون الرشید بالا کوئی، پیر ممتاز احمد ضیاء نظامی اور دیگر علماء کرام میں پیر عمر فاروق شاہ، مولانا قاری عابد اسرار، مولانا قاری بلال احمد گولڑوی، صاحبزادہ سید عبد البصیر آزاد، علامہ سید مصطفی حیدر نقوی، ڈاکٹر ارشاد احمد خان، پروفیسر ظفر اللہ جان، حسن شعیب، سید غلام حسین شاہ و دیگر حضرات شامل تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ میں منعقد ہوئے، جس میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے شرکت کی۔ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا اور کچھ مقامات پر مطلع ابر آلود بھی رہا۔ پاکستان کے مختلف مقامات سے ماہ شوال المکرم 1446ھ کے چاند کے نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں اور دیگر مقامات پر چاند نظر آگیا لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم شوال المکرم 1446ھ 31مارچ2025بروز پیر کو ہوگی۔ اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام، ترقی و خوشحالی، اتحاد و وحدت، مقبوضہ کشمیر اور غزہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اہم خبریں سے مزید