• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن، عمر ایوب سمیت اہم شخصیات کو سیکورٹی خدشات

اسلام آباد (فاروق اقدس، مانیٹرنگ ڈیسک ) عیدالفطر کے موقع پر فضل الرحمٰن ،عمر ایوب سمیت اہم شخصیات کو سیکورٹی خدشات کے باعث سرگرمیاں محدود کرنے کا کہا گیا ہے ،مولانا فضل الرحمٰن عیدالفطر اپنے گائوں عبدالخیل ڈیرہ اسماعیل خان میں منائیں گے،پی ٹی آئی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے بھی اپنی سیاسی سرگرمیاں محدود کر دی ہیں ۔ دوسری طرف خیبرپختونخوا حکومت نےعیدالفظر کے موقع پر تمام سیاسی شخصیات کیلئے خصوصی سیکورٹی انتظامات کئے ہیں، عام شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سمیت اہم شخصیات کو عید کی نماز گھروں پر پڑھنے کا مشورہ دیا گیا ، ان مشوروں اور ہدایات کی روشنی میں مولانا فضل الرحمٰن عیدالفطر اپنے گائوں عبدالخیل ڈیرہ اسماعیل خان میں منائیں گے جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری نے اتوار کو مدینہ منورہ میں نماز عید ادا کی، جے یو آئی کے مرکزی ترجمان اسلم غوری کے مطابق سابق وزیراعلیٰ کے پی کے اکرم درانی کراچی میں اپنی رہائش گاہوں میں نماز عید ادا کریں گے،دریں اثناء خیبر پختونخوا میں عید الفطر کے موقع پر سیکورٹی خدشات کے باعث سیاسی شخصیات کی عید کی روایتی تقریبات شدید متاثر ہوگئیں، دہشت گردی کے خدشات نے صوبے میں عید کی خوشیاں بھی ماند پڑ گئی ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اہم رہنمائوں کے ساتھ ساتھ مذہبی رہنمائوں کو احتیاط کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں ،اس کے علاوہ دیگر سیاسی شخصیات کو عوامی سطح پر عید ملن تقریبات کو محدود، رہائش گاہوں اور حجروں پر بھی حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھرعمر ایوب نے اعلان کیا کہ عید ملن کے حوالے سے منعقد کیے جانے والے تمام پروگرام ملتوی کر دئیے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر سیکورٹی خدشات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید