لاہور(خبرنگار) عید الفطر کے دنوں میں شہر کے پارکوں اور تفریح گاہوں میں شہریوں کا رش رہا،عید کے تینوں دن شہریوں کی کثیر تعداد پارکوں اور تفریح گاہوں ،ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور مالز میں امڈ آئی۔موسم خوشگوار ہونے کے باعث شہریوں نے سستی تفریح کی غرض سے جیلانی ریس کورس پارک، باغ جناح،جلو پارک، شالیمار باغ، گریٹر اقبال پارک، گلشن اقبال پارک اور دیگر پارکوں میں ڈیرے ڈل دیے۔ پارکوں میں بچے ،بوڑھے ، خواتین ،جوان غرض ہر عمر کے شہری آئے ہوئے تھے۔ جنہوں نے بھر پور عید منائی۔ عید کے دنوں میں شہری عزیز واقرباء کے گھروں میں میل ملاقات کے لیےبھی گئے ۔جبکہ بڑے معروف ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں شہریوں کا بے تحاشا رش رہا،ہوٹلز میں شہریوں کو پارکنگ کے لیے جگہ نہ ملی جبکہ بڑی فوڈ چینز پر شہری ٹوکن لے کر کھانے کے لیے لائنوں میں لگے رہے ، بڑے شاپنگ مالز میں قائم فوڈ ریسٹورنٹس میں بھی شہریوں کا رش رہا، عید کے روز بادلوں اور ٹھنڈی ہوا نے ماحول خوشگوار بنا دیا تھا، تاہم بعض شہریوں کا کہنا تھا کہ بدترین مہنگائی اور لوڈ شیڈ نگ نے جینا دو بھر کر رکھا ہے۔ تاہم بچے تو تفریح کرنا چاہتے ہیں ان حالات میں سستی تفریح پارکس میں ہی میسر آسکتی ہے۔