لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر عیدالفطر کے موقع پر چلڈرن ہسپتال لاہور پہنچ گئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، پرو وائس چانسلر پروفیسر جنید رشید، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسر ٹیپو سلطان و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ صوبائی وزرائے صحت نے چلڈرن ہسپتال میں کیک کاٹا اور معصوم بچوں کو تحائف پیش کئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں معصوم بچوں کے ساتھ عیدالفطر کی خوشیاں بانٹنے آئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چلڈرن ہسپتال لاہور میں بچوں کے ہمراہ عیدالفطر کی خوشیاں بانٹنے آئے ہیں۔