• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صفائی وزیراعلیٰ پنجاب کا خاص فوکس ہے، ذیشان رفیق

لاہور (خصوصی رپورٹر)وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے عیدالفطر کے روز چار اضلاع کے مختلف علاقوں کے اچانک دورے کر کے عید صفائی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے ڈسکہ، سیالکوٹ، گوجرانولہ، کامونکی، مریدکے، فیروزوالہ، شاہدرہ اور شرقپور میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ وزیر بلدیات نے سیالکوٹ میں عید تعطیلات کے لئے کئے گئے صفائی انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر بلدیات کی ہدایت پر صفائی کے غیر معیاری انتظامات پر تحصیل مینجر اور زونل آفیسر سیالکوٹ کو معطل کر دیا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے حکم پر صوبہ بھر میں عید پلان تیار کیا گیا اور تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کو اس موثر عملدرآمد کا کہا گیا۔ سیالکوٹ میں اس پلان کے مطابق اقدامات نہ ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ صفائی وزیراعلی کا فوکس ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز اور کنٹریکٹرز کو اس حوالے سے کسی سستی یا کوتاہی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ناقص کارکردگی پر کارروائی کریں گے۔ صوبائی وزیر کے مریدکے، فیروزوالہ، شاہدرہ اور شرقپور کے دوروں میں ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین نے بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فیلڈ ڈیوٹی کرنے والے ملازمین میں عید گفٹ بھی تقسیم کئے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ عیدالفطر پر صفائی کے مجموعی انتظامات بہترین رہے۔ وزیراعلی مریم نواز شہری سہولیات کی فراہمی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کی قائل ہیں اور ہم وزیراعلی کے اسی ویژن کو آگے لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے آغاز کے بعد صوبے کا ایک نیا چہرہ سامنے آ رہا ہے۔
لاہور سے مزید