موسمِ گرما کی آمد آمد ہے اور یہی وہ وقت ہے جب طرزِ زندگی میں تبدیلی لا کر باآسانی جسمانی وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمِ گرما میں ذرا سی محنت زیادہ نتائج دے سکتی ہے، اچھی ڈائیٹ اور ورزش کے ذریعے وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے اور یہی موسم ہے جب انسانی جسم کو زہریلے مواد سے پاک کیا جا سکتا ہے۔
اس موسمِ گرما آگر آپ بھی بڑھتی توند اور اضافی وزن سے نجات چاہتے ہیں تو چند بہترین مشروبات کا استعمال آج ہی سے شروع کر دیں۔
مندرجہ ذیل مشروبات جسم کو ناصرف ڈی ہائیدریشن سے بچائیں گے بلکہ چربی بھی تیزی سے پگھلائیں گے۔
ایک چائے کا چمچ میتھی دانہ ایک گلاس پانی میں بھگو کر رات بھر کے لیے چھوڑ دیں، اگلی صبح میتھی دانے کو پانی سے چھان کر نکال دیں اور اس پانی میں لیموں کا رس ڈال کر پی لیں، یہ مشروب چربی تیزی سے گھلانے میں مدد دے گا۔
ایک کھیرے اور ایک لیموں کے پتلے قتلے کاٹ لیں اور پانی سے بھرے ایک جگ میں ڈال دیں، اب کچھ مقدار میں پودینے کے دھلے ہوئے پتے بھی ڈال دیں۔
اس پانی کو فریج میں رات بھر کے لیے ڈھک کر چھوڑ دیں اور اگلے دن ناشتے سے پہلے یا دوپہر کے کھانے سے قبل پی لیں۔
تخمِ بالنگا ایک بہترین سپر فوڈ ہے جس سے جسم کو فائبر ملتا ہے جبکہ یہ جسمانی وزن میں کمی لانے میں بھی مدد دیتا ہے۔
ایک کھانے کا چمچ تخمِ بالنگا پانی سے بھری ایک بوتل میں ڈال دیں اور اس میں ایک عدد لیموں نچوڑ کر چھلکوں کو بھی اندر ہی چھوڑ دیں۔
اب اس پانی کو ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں اور بعد ازاں پی لیں۔
تخمِ بالنگا اور لیموں سے بنا یہ پانی جسم کو اینٹی آکسیڈنٹس، فائبر اور دیگر اجزاء فراہم کرتا ہے جس سے جسمانی وزن میں کمی کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔