اسلام آباد (ناصر چشتی)وفاقی حکومت کی جانب سے فی یونٹ بجلی ایک روپے 71 پیسے سستی کرنے کے معاملے کی نیپرا میں سماعت کے دوران پاور ڈویژن حکام نے کہا کہ اپریل سے جون تک یہ ریلیف ہر ماہ کے لیے دینے کی درخواست ہے، ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ کا ریلیف پیٹرولیم لیوی کی مد میں دیا جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین نیپرا وسیم مختار کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اگلے ہفتے تک مجموعی ریلیف 5 روپے فی یونٹ سے زائد ہو جائے گا۔حکام پاورڈویژن کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے 6 معاہدوں کی منسوخی کی وجہ سے 12ارب روپے کا ریلیف شامل ہوا ہے۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ہم نے کل ایک روپے 90پیسے کا سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ جبکہ ایک روپے 36 پیسے کا ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا ریلیف دیا،اگلے ہفتے تک مجموعی ریلیف 5روپے فی یونٹ سے زائد ہو جائےگا، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) حکام نے کہا کہ وفاقی حکومت کا اعلان کردہ بجلی ریلیف ٹیکس سمیت 7 روپے 41پیسے فی یونٹ ہے جبکہ ٹیکسوں کے بغیر یہ ریلیف 6 روپے فی یونٹ بنتا ہے۔