اسلام آباد( رپورٹ:،رانامسعود حسین) ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں دو مزید ججوں کی تقرری کیلئے 11اپریل کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس طلب کر لیا گیاجس میں لاہور ہائیکورٹ کے پانچ سینئر ترین ججوں میں سے دو کو سپریم کورٹ میں ترقی دینے پر غور کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کی موجودہ چیف جسٹس عالیہ نیلم،سینئر ججوں ، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس صداقت علی خان کے ناموں پر غور کیا جائے گا ،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک کی چار ہائی کورٹوں میں مستقل چیف جسٹسز مقرر کرنے کیلئے 18 اپریل کو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلائے جانے کا بھی امکان ہے ،یاد رہے کہ اس وقت چار ہائیکورٹوں میں قائم مقام چیف جسٹسز خدمات سر انجام دے رہے ہیں، پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس احسن عتیق شاہ ،سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس جنید وقار، بلوچستان ہائی کورٹ میں جسٹس اعجاز سواتی جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس سرفراز ڈوگرقائم مقام چیف جسٹس کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ان ہائی کورٹوں میں مستقل چیف جسٹس کی تقرری کیلئے قائم مقام چیف جسٹس کے ساتھ ساتھ دو سینیئر ترین ججوں کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔