اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار )ایف آئی اے نے ویزہ فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ایف آئی اے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل اسلام آباد نے زیارات کے نام پر انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث ملزم محمد عارف کو گرفتار کر لیا ہے ،ملزم نے شہریوں کو عراق زیارات پر بھجوانے کیلئے 45لاکھ روپے بٹورے گرفتار ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور رقم وصول کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا۔ ملزم کو اسلام آباد ائرپورٹ پر ایران سے پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا گیا ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل پشاور نے ویزہ فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں ، ویزہ فراڈ میں ملوث ملزم محمد بلال پشاور سے گرفتار کیا گیا ملزم نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیائے ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا ملزم رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔