راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے ،خصوصی نمائندہ) سنیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے راولپنڈی کمشنر آفس میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔جس میں راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں بجلی کے نرخوں میں کمی، اور عوامی خدمات کی بہتری جیسے معاملات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چودھری نے حکومت کے بجلی کے نرخوں میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فی یونٹ کمی کو عید کا قومی تحفہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر عملدرآمد کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ ادھر پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا اچانک دورہ کیاصحت سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سینئر صوبائی وزیر نے ہولی فیملی ہسپتال میں صفائی، ادویات کی فراہمی، علاج معالجے کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہولی فیملی ہسپتال کی ایمرجنسی میں بستروں کی تعداد مزید بڑھانے اور چار میں سے دو بند پڑے آپریشن تھیٹرز بھی فعال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے کہا کہ سرجریز میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، عوام کو آگاہ کیا جائے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادوایات مفت مل رہی ہیں، مفت ادویات کی فراہمی کی ریکارڈنگ بند ہونے کانوٹس لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو فارمیسی کے باہر دوائیوں کی تفصیل سکرین پر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔