• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈکیتی مزاحمت پر حاملہ خاتون کے قتل کا واقعہ مشکوک نکلا، شوہر زیر حراست

کراچی( اسٹاف رپورٹر )سائٹ سپر ہائی کے علاقے میں گذشتہ روز ڈکیتی مزاحمت پر خاتون کے قتل کا واقعہ مشکوک نکلا۔ گذشتہ روز فقیرا گوٹھ پریشان چوک کے قریب مبینہ ڈکیتی مزاحمت میں حاملہ خاتون صائمہ زوجہ عرفان کی ہلاکت کے دلسوز واقعہ کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر مقتولہ کے شوہر نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کو کہیں جاتے ہوئے ڈکیتی کا نشانہ بنایا گیا جس میں ملزمان نے فائرنگ کی اور حاملہ خاتون جاں بحق ہوئیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ والے مقام کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تو شک ہوا کہ واقعہ کے محرکات مختلف ہو سکتے ہیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا جس میں ڈکیتی مزاحمت پہ قتل کے دفعات لگائی گئی ہیں۔ تفتیش کے دوران مزید شواہد اکٹھے کئے گئے جس سے واضح ہوا کہ معاملہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں تھا۔ شوہر کی جانب سے بتائی گئی جائے وقوعہ درست نہیں اور ہلاکت کا مقام کہیں اور ہے۔ اس معاملے میں شوہر کا کردار مشکوک جانتے ہوئے اسے تحویل میں لیا گیا اور واضح ہوا کہ ہلاکت گھر میں ہوئی تھی جس کو ڈکیتی مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔ پولیس نے ہلاکت میں استعمال ہونے والا اسلحہ قبضہ پولیس میں لے لیا ہے۔ ہلاکت میں استعمال ہوا اسلحہ اور تحویل میں لئے گئے شوہر کو مزید کاروائی کے لئے شعبہ تفتیش ضلع شرقی کے حوالے کیا جارہا ہے۔ شعبہ تفتیش ضلع شرقی کے افسران حسب ضابطہ کاروائی کرتے ہوئے ہلاکت کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کے بارے میں مزید شواہد اکٹھا کریں گے اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
اہم خبریں سے مزید