• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، خاتون نے قیمتی گاڑی کو ٹکر مارنیوالے ٹرالر ڈرائیور پر گولیاں چلا دیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )عیسیٰ نگری کے قریب خاتون نے اپنی قیمتی گاڑی کو ٹکر مارنے والے ٹرالر ڈرائیور پر گولیاں چلا دیں،پولیس نے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کے علاقے عیسیٰ نگری کے قریب ٹریفک ٹرالر اور گاڑی میں ٹکر ہوئی جسکے بعد گاڑی میں سوار خاتون نے ٹرالر ڈرائیور پر اپنے پاس موجود پستول سے گولیاں چلا دیں تاہم ڈرائیور ٹرالر سے اتر کر بھاگا اور پولیس کے پیچھے چھپ گیا۔واقعہ کے بعد پولیس خاتون اور ٹریلر ڈرائیور کو پکڑ کر تھانے لے گئی اور مقدمہ درج کرلیا۔حکام کا کہنا ہے ایک ہی ایف آئی آر میں دونوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ کے متن کے مطابق واقعہ عیسیٰ نگری کٹ کے قریب پیش آیا تھا۔ٹریلر ڈرائیور اور خاتون دونوں غفلت اور لاپرواہی سےگاڑی چلارہے تھے اس دوران جب ٹریلر نے آگے نکلنے کی کوشش کی تو گاڑی کو سائیڈ لگی۔ مدعی پولیس افسر شبیر نے مقدمہ میں بتایا ہے کہ خاتون نے طیش میں آکر پستول نکالی اور ہوائی فائرنگ شروع کردی، خاتون نے اپنا نام علیشہ عامر بتایا جبکہ ٹرک ڈرائیور نے اپنا نام ظفر اقبال بتایا ہے۔پولیس نے بتایا کہ خاتون نے نائن ایم ایم پستول کا لائسنس بھی موقع پر پیش کردیا جسکے بعد خاتون کو وومن تھانے اور ڈرائیور کو پی آئی بی تھانے منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کا اسلحہ لائسنس ایکسپائر ہو چکا ہے۔ لائسنس 31 دسمبر 2023 کوایکسپائر ہوا جسے رینیو نہیں کرایا گیا۔اسلحہ لائسنس بلوچستان جعفرآباد سے بنوایا گیا تھا اور لائسنس 31 دسمبر 2023 کو ایکسپائر ہوگیا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے خالد بن ولید روڈ پر اسلحے کی دکان سے جعفرآباد کا لائسنس بنوایا گیا۔
اہم خبریں سے مزید