• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، بھاری تعداد میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد برآمد

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) سی ٹی ڈی نے کوئٹہ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے سریاب روڈ سے بھاری تعداد میں اسلحہ و دھماکہ خیز مواد برآمدکرلیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی، دہشت گردوں نے آئندہ 24 سے 72 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں دہشتگردانہ حملے کا منصوبہ بنایا تھا، سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دہشتگردوں نے کوئٹہ شہر میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ بنایا ہے اور اس مقصد کیلئے بھاری تعدادمیں اسلحہ گولہ بارود سریاب روڈ پر علاقے ریڈیو پاکستان ٹاور کے قریب جمع کررکھا ہے جس پر سی ٹی ڈی نے ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے سریاب روڈ پر ریڈیو پاکستان ٹاور کے قریب سے 20 کلو گرام آئی ای ڈی جس میں ریموٹ ڈیٹنیشن میکانزم نصب تھا، زیر زمین دفن 50 کلو گرام ہائی گریڈ دھماکہ خیز مواد،5 دستی بم، 3x9 ایم ایم پستول، ڈیٹونیٹرز، وائرنگ، اور ٹرگرنگ اپریٹس برآمد کرکے قبضہ میں لے لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشت گرد آئندہ 24 سے 72 گھنٹوں کے دوران ایک بہت بڑے دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، سی ٹی ڈی کے فوری ردعمل اور پیشہ ورانہ عمل نے کوئٹہ کو بڑی تباہی بچھالیا،سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس سٹیشن سی ٹی ڈی کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ اسلحہ و دھماکہ خیز مواد فرانزک کیلئے بھجوایا جائیگا جبکہ ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید