اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھ کر امپورٹ بل میں اضافہ روکنے، پیٹرولیم لیوی کا ریٹ کم نہ کرنےاورطلب بڑھنے کاراستہ روکنے کا پلان تیار کیا ہے۔حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کے عمل میں پارلیمنٹ اور عوام کو اعتماد میں لے گی تاکہ زیادہ قیمتوں کےوقت سیاسی اورعوامی سپورٹ حاصل رہے۔ حکومتی ذرائع کے مطا بق وزارت خزانہ کا موقف ہے کہ عالمی سطح پرتیل کی قیمتیں بڑھنے سےامپورٹ بل میں اضافہ ہوتا ہے جس کوپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھ کر راشننگ کے ذریعےامپورٹ بل کوقابو میں رکھا جا سکتاہےیعنی قیمتوں کےذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی طلب کو بڑھنے سے روکا جائے گا جس سے امپورٹ بل میں اضافہ کا راستہ روکنے میں مدد ملے گی،ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں کےوقت پیٹرولیم لیوی کم کرنےسےکھپت میں اضافہ ہوگا،اس لیےحکومت کا پلان ہےکہ موثرفسکل مینجمنٹ کیلئے پیٹرولیم لیوی کے ریٹس میں تسلسل اورشفافیت کوبرقرار رکھا جائے،ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں کسی بھی ردوبدل سےعوام اورپارلیمنٹ کوآگاہ رکھنےکا پلان ہے، اس سے نئی قیمتوں کےوقت بھی سیاسی سپورٹ کو برقراررکھنےمیں مددمل سکتی ہے-وفاقی حکومت نےاس وقت پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر بالائی حد70 روپے فی لیٹر کے حساب سے پیٹرولیم لیوی عائد کر رکھی ہےجبکہ مٹی کے تیل پر 10روپے96پیسے اورلائٹ ڈیزل آئل پر 7 روپے 75 پیسے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی لاگوہے،وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 10روپے فی لیٹر اضافہ کر کے اسے60 روپے سے بڑھاکر 70 روپے کردیا اور اضافی لیوی کی مدمیں وفاقی کابینہ کی منظوری سےبجلی کی قیمت میں تین ماہ(اپریل سے جون 2025)کیلئے ایک روپے71پیسےفی یونٹ کمی کا فیصلہ کیا گیا،پیٹرولیم لیوی کی مد میں بجلی کے ٹیرف میں کمی کی حکومتی درخواست پر نیپراسماعت کرچکا جس کا فیصلہ ابھی آناباقی ہے۔