کراچی(اسٹاف رپورٹر)تھانہ مومن آباد پولیس نے مبینہ طور پر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث پانچ رکنی ڈکیت گینگ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اپولیس کے مطابق مسلح ملزمان بلاکL پرانہ بس اسٹاپ کے قریب شہری کو اسلحہ کے زور پر واردات کا نشانہ بنا کر فرار ہوئے تھے، گرفتار ملزمان شہباز محمد طاہر، شان محمد شاہد، ارمان لیاقت، احمد علی رحمت اور تاج الدین مختار سے 2 غیر قانونی پسٹلز، چھینے گئے موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی جبکہ ملزمان کے زیراستعمال 2 موٹرسائیکلز کو بھی قبضہ پولیس میں لیا گیا ہے ، شاہ فیصل کالونی پولیس نے شاہ فیصل ریتا پلاٹ کے قریب مبینہ مقابلے میں زخمی ملزم ارشد علی کو گرفتار کرکے پستول اورموٹرسائیکل برآمد کر لی ،ساتھی موقع سے فرارہوگیا، تیموریہ پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک (ایم )کے ایم ڈی سی کالج کے قریب دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 ڈکیتوں کیلاش ولد بوٹا مسیح،نذیرعرف مشکا ولد محمد بشیر اورعبدالمجید عرف کالا ولد حاجی ریاض کو گرفتارکرکے ایک پستول ، ایک نقلی پستول، موبائل فون، نقدی اور دو موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لی گئیں ،جیکسن پولیس نے ڈکیتی کی واردات کو ناکام بناتے ہوئے مسلح ڈکیت کو گرفتار کر کے غیر قانونی پستول، چھینا گیا موبائل، پرس، کیش اور ملزم کے زیر استعمال موٹر سائیکل برآمد کرلی ،پولیس کے مطابق ملزم یاسر کیماڑی گھاس بندر کے پاس شہری کو لوٹ رہا تھا ۔