• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک ایسٹ انڈیا کمپنی طرز پر اجارہ داری قائم کئے بیٹھی ہے، ایم کیو ایم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرز پر شہر میں اجارہ داری قائم کئے بیٹھی ہے، واحد مقصد صرف شہریوں کو لوٹنا ہے،حق پرست ارکان اسمبلی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ مختلف اوقات میں متعدد یقین دہانیوں کے باوجود رائی برابر تبدیلی نہ ہونا اِدارے کی ڈھٹائی اور بے حسی کا ثبوت ہے، جس پر شہری یہ جاننے میں حق بجانب ہیں کہ کیا روشنیوں کے شہر کو اندھیروں میں دھکیلنا کسی منظم منصوبہ بندی کا حصہ ہے؟ ارکان اسمبلی نے کہا کہ شہر کا بڑا حصہ 16گھنٹے سے زائد بجلی کی عدم دستیابی کا شکار ہے، اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے گھریلو اور کاروباری صارفین کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے، ادارے کے ملازمین کی سرپرستی میں کنڈا مافیا کا پورے شہر میں راج ہے جس کا بھاری خمیازہ بل ادا کرنے والا صارف بھگت رہا ہے، مگر عادت سے مجبور ترسیلی نظام پر قابض ادارہ عوام کو بنیادی سہولت فراہم کرنے سے مجرمانہ حد تک قاصر ہے، انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ معاشی شہ رگ پر کے الیکٹرک کا ظلم روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید