• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی بندرگاہوں کو مسابقتی معیار پر لایا جائے، تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام تک پہنچانے کیلئے کام جاری ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملکی بندرگاہوں کو مسابقتی معیار پر لانے کیلئے تجارتی ٹیرف پر نظر ثانی کرنے، کسٹمز کلیئرنس کے دورانیے کو کم کرنے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینے اور جدید اسکینرز کی تنصیب کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام تک پہنچانے کیلئے کام جاری ہے، بجلی سستی سمیت دیگر تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی بندرگاہوں کو مسابقتی معیار پر لانے کیلئے تجارتی ٹیرف پر نظر ثانی کی جائے۔ انہوں نے بندرگاہوں پر موجود کنٹینروں کو جلد از جلد نیلام کرنے کی ہدایت بھی کی۔پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت میری ٹائم سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات کیلئے بنائی گئی ٹاسک فورس کی کاوشوں سے بجلی کے نرخوں میں حالیہ کمی ممکن ہوئی، شعبہ توانائی کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کی طرز پر میری ٹائم سیکٹر میں پائیدار اصلاحات کیلئے ٹاسک فورس کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر سے جڑی اکانومی میں طویل عرصے سے موجود جمود کو ختم کرنے کے لیے اصلاحات پر کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعظم نے کسٹمز کلیئرنس کے عمل میں گرین چینل کی طرز پر تیزی لانے کے لیے ریڈ اور ییلو چینلز میں کلیئرنس کے دورانیے کو کم کرنے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے حکم دیا کہ بندرگاہوں پر موجود کنٹینروں کی موجودگی کے دورانیے کو کم سے کم کرنے کیلئے لائحہ عمل بنایا جائے۔

اہم خبریں سے مزید