راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ایک لڑکی سمیت چھ افراد جان کی بازی ہارگئے ۔تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ دھمیال گاؤں میں دوسری شادی کی رنجش پر وکیل کو قتل کردیاگیا۔وکیل کاشف تیمور کو اس کی دوسری اہلیہ کے بیٹے حسنین اظہر کے ساتھ آئے حسن علی نے گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتاردیا۔ایف آئی آر کے مطابق تھانہ صدر بیرونی کو چودھری محمدعثمان نے بتایاکہ رات مجھے شائستہ رزاق مقتول کی بیوی نے کال کرکے کہاکہ ہم نے کاشف تیمورکو جان سے ماردیاہے ۔آکر اس کی لاش سنبھال لو۔میں نے چچی عفت پروین کو کال کی توانہوں نے بتایاکہ میں کاشف ،میرے خاوند چودھری بشارت ،اور میرابھائی مسعود اختر کھاناکھاکر بیٹھے توشائستہ کابیٹا حسنین اظہر آیا اور کاشف کوبلاکر لے گیاجن کاگھر ہمارے گھرکے ساتھ جڑاہواہے اور اندرسے دروازہ بھی ہے ۔کاشف جیسے ہی حسنین کے ساتھ اس کے گھرمیں داخل ہواتو جھگڑا اور شور واویلا شروع ہوگیا،جس پر ہم ان کے پیچھے ان کے گھر میں داخل ہوئے جہاں حسنین اور حسن علی ولد ظفر محمود میرے بیٹے کاشف کے ساتھ لڑائی کررہے تھے۔ حسنین اظہرنے للکارا ماراکہ کاشف کوجان سے ماردوتوحسن علی نے اندھادھندفائرنگ کردی جس سے کاشف موقع پر جاں بحق ہوگیا۔وجہ عنادیہ ہے کہ کاشف کے ساتھ شائستہ کی دوسری شادی ہوئے تھی جس بات کاحسن علی اور حسنین اظہر کورنج تھا۔اس سارے وقوعہ میں شائستہ رزاق اور اس کی بیٹی نور بھی شامل ہیں ۔تھانہ دھمیال کو وسیم خالد نے بتایاکہ میرے پھوپھی زاد بھائی جاویداقبال کے19 سالہ بیٹے حیدرعلی کاکنول عرف لائبہ سے رشتے کامعاملہ چل رہاتھا۔اتوار کو کنول کےبھائی عبدالوہاب نے گالم گلوچ کر کے ہمیں زبردستی کمرے میں بندکردیاجورات اڑھائی تین بجے واپس آیاجس کے ہاتھ میں پسٹل تھااور دروازہ کھول کرحیدرعلی اور کنول کولے کر اوپر چھت کی طرف چل پڑا۔عبدالوہاب نے اپنے پسٹل سے یکے بعددیگرے فائرکئے جوحیدرعلی اور کنول کولگے۔حیدراور کنول پسند کی شادی کرناچاہتے تھے ۔عبدالوہاب نے غیرت کے نام پران دونوں کوقتل کردیا۔تھانہ صادق آباد کے علاقہ مجسٹریٹ کالونی میں لین دین کے تنازع میں فائرنگ کرکے ایک شخص کوقتل کردیاگیا۔ تفتیشی افسر سب انسپکٹر شفیق نے بتایاکہ مجسٹریٹ کالونی میں رہائش پذیر محسن ارشد کوایان مبارک نامی ملزم نے گھرسے باہربلایا اور گولی مار کر قتل کردیا۔ ادھر ریلوے پولیس کے مطابق پیر کی رات حاجی کیمپ کے قریب حویلیاں سے راولپنڈی آنے والی حویلیاں پسنجر کی زد میں آکرایک نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا۔ دریں اثناءراولپنڈی ریلوے سٹیشن کے پارکنگ ایریاسے ملنے والی نامعلوم شخص کی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی۔ریلوے پولیس کے مطابق پیر کوایک نامعلوم شخص جوحلئیے سے نشئی معلوم ہوتاتھاسٹیشن کی پارکنگ میں مردہ پایاگیا ۔