• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستورات تنازعہ ،ہمسایوں کا ڈنڈوں سے حملہ، بیچ بچاؤ کرانیوالی خاتون جاں بحق

پشاور(کرائم رپورٹر)تھانہ شاہ پور کے علاقے میں مستورات کے تنازعہ پرہمسایوں نے ایک دوسرے پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے وار کردیئے جس سے علاقہ میدان جنگ بن گیا اس دوران بیچ بچاؤ کرنے والی ایک خاتون سر پرلاٹھی کے وار سے جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2بھائیوں سمیت 3افراد کو گرفتار کرلیاجبکہ 2ملزمان فرارہوگئے ۔ تھانہ شاہ پورکے ایس ایچ او عمران خان کے مطابق مستورات کے تنازعہ پر حبیب آباد کے علاقے میں ہمسایوں کے درمیان لڑائی جھگڑا ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑائی کے دوران لاٹھیوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا اور ہاتھاپائی ہوئی جس کے نتیجے میں 3ملزمان سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ، اس دوران بیچ بچاؤ کرانے والی خاتون سرداراں بی بی بھی سر پر ڈنڈے کے وار سے شدید زخمی ہوگئی جسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔ مقتولہ کی نعش پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے منتقل کردی گئی۔ مقتولہ خاتون کی عمر 35سال بتائی گئی ہے ،پولیس نفری نے پہنچ کر 3ملزمان محمد رسول، حافظ اللہ اور اکرام اللہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاجبکہ دوملزمان فرار ہیں۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔
پشاور سے مزید