پشاور(کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت پشاورمیں شہریوں کے قتل واقعات تھم نہ سکے اورگزشتہ 40روز کے دوران 55سے زائد افراد قتل جبکہ 100سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ،واضح رہے کہ پشاور میں گزشتہ چند روز کے دوران 15افراداپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں جبکہ گزشتہ ماہ بھی رمضان کے دوران پرتشدد واقعات اور جرائم کی وارداتوں میں شدت دیکھنے کو ملی تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مارچ کے مہینے میں جائیداد،رقم،ذاتی دشمنیوں ، مستورات اور دیگر تنازعات پر40سے زائد افرادکی جانیں لی گئیں۔ذرائع نے مزید بتایاکہ گزشتہ ماہ پولیس کی جانب سے قتل کے مقدمات میں 26 افراد کو گرفتاربھی کیا گیا جبکہ اقدامِ قتل کے مقدمات میں 129 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اسی طرح اپریل کے ابتدائی 10دنوں میں بھی حالات میں کوئی بہتری نہیں آئی اورصرف گزشتہ چند دنوں میں 15سے زائد افرادقتل وغارت گیری کے واقعات میں جاں بحق ہوچکے ہیں جس پر شہر کی سیکورٹی حالات پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔سماجی حلقوں اور شہریوں نے ان کی حفاظت خصوصا غیرقانونی اسلحہ کی روک تھام کیلئے موثراقدامات اٹھانے پر زوردیا ہے ۔