• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالک اور مزدور کے درمیان تعلق کو بہتر بنانے کیلئے اسلام آباد میں سیمینار ہوگا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی کمیشن برائے صنعتی تعلقات کے چیئرمین جسٹس( ر) شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون سے یکم مئی کو اسلام آباد میں سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مالک اور مزدور کے درمیان تعلق کو بہتر بنانے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے تجاویز دی جائیں گی این آئی آر سی کے بنیادی مقاصد میں ملازمین اور مالکان کے مابین تنازعات کا حل نکالنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے سات کروڑ ورکرز میں سے صرف 14 فیصد ریگولر ورکر کی تعریف میں آتے ہیں۔ ہماری کوشش ہو گی کہ نجی بائیک رائیڈرز سمیت قانونی تحفظ سے محروم دیگر شعبوں کے ملازمین کو بھی ریگولر ورکر کی تعریف میں لائیں۔ نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی )کے چیئرمین جسٹس( ر) شوکت عزیز صدیقی نے کمیشن کے دیگر ارکان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ این آئی آر سی کے بنیادی مقاصد میں ملازمین اور مالکان کے مابین تنازعات کا حل نکالنا ہے ۔ لوگوں کا اعتماد بحال ہونے کے بعد اب این آئی آر سی میں کیسز دائر ہونے کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے لیکن ویڈیو لنک کے ذریعے سماعتیں شروع کرنے سے زیر التوا مقدمات کی تعداد میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ مستقبل میں ای فائلنگ کا بھی منصوبہ لے کر آ رہے ہیں، ویب سائٹ پر اس کا پرفارما جاری کر دیا جائے گا۔ این آئی آر سی کی کارکردگی جتنی بہتر ہو گی ، پاکستان کے حوالے سے یورپی یونین کے تحفظات اور خدشات بھی دور ہوں گے ۔ چیئرمین این آئی آر سی شوکت عزیز صدیقی نے کہا ۔ سپریم کورٹ ، لاہور ہائی کورٹ کے ججز سمیت اٹارنی جنرل اور وفاقی وزرا سیمینار سے خطاب کریں گے۔ میڈیا ، ٹیلی کام اور ہوٹل انڈسٹری سمیت تمام ایمپلائرز کو بھی سیمینار میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ جنگ گروپ کے میر ابراہیم رحمن اور ڈان گروپ کے شکیل مسعود بھی اس کانفرنس میں شریک ہوں گے۔  

اہم خبریں سے مزید