پیپل، فَلفل دراز، پیپلی اور لانگ پیپر (long pipper) ایک ہی جڑی بوٹی کے نام ہیں جس کے صحت پر بیش بہا فوائد سے اکثر لوگ ناواقف نظر آتے ہیں۔
جڑی بوٹیوں کے ماہرین کی جانب سے پیپلی کے بیش بہا فوائد بتائے جاتے ہیں، یہ باآسانی پنسار کی دکان سے سستے داموں مل جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاں پیپلی کو وزن میں تیزی سے کمی لانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے وہیں اس کے صحت پر دیگر بے شمار فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔
بھارتی معروف شیف پنکج بھدوریا کے مطابق پیپلی کو وزن میں کمی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے جس کے صحت پر کوئی مضر اثرات نہیں ہیں لیکن اسے اعتدال میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
پیپلی کا سفوف بنا کر اسے گھر میں رکھے پسے مسالوں میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے، جس مقدار میں گھر کے پسے ہوئے گرم مسالے میں لونگ یا دار چینی موجود ہوتی ہے اسی مقدار میں اسے بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
وزن میں کمی کے لیے پیپلی کا سفوف بنا کر رکھ لیں، اب اس پاؤڈر کو ہر کھانے سے قبل صرف ایک چٹکی نیم گرم پانی کے ساتھ استعمال کریں، وزن میں تیزی سے کمی اور فوائد دیکھ کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق پیپلی شوگر لیول متوازن رکھنے، سوجن میں کمی، فیٹی لیور، بیکٹیریل اور وائرل انفیکشنز، خواتین میں ہارمونز کے مسائل کے حل سمیت جوڑوں کے درد میں بھی کمی لانے میں مدد دیتی ہے۔
پیپلی کے پاؤڈر کا ذائقہ بہتر بنانے کے لیے اسے شہد کے ساتھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔