کراچی(نیوز ڈیسک)مقامی ذرائع کے مطابق، گزشتہ روزاسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی سے تقریباً 80فلسطینیوں کو رہا کیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد کو جنوبی غزہ میں مشرقی خان یونس میں اسرائیل کے زیر کنٹرول کسوفیم کراسنگ پر رہا کیا گیا۔ایک طبی ذریعے نے بتایا کہ رہائی پانے والے قیدیوں میں سے کم از کم 10 کی حالت خراب تھی اور انہیں دیر البلاح کے مرکزی شہر کے الاقصی شہداء اسپتال میں داخل کیاگیا۔انہوں نے بتایا کہ آزاد کیے گئے قیدیوں میں سے ایک کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور وہ حرکت کرنے سے قاصر ہے، اس کے جسم پر تشدد کے نشانات واضح ہیں۔قیدیوں کی رہائی پر اسرائیل یا فلسطینی گروپ حماس کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔اس سے قبل اسرائیل اور حماس کے درمیان جنوری میں ہونے والی جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت غزہ کے سینکڑوں قیدیوں کو اسرائیلی حراست سے رہا کیا گیا تھا۔