بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ عمر محض ایک ہندسہ ہے، حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس نے انٹرنیٹ پر خوب توجہ حاصل کی۔
اس ویڈیو میں سلمان خان اپنے مشہور پن ویل فارم ہاؤس میں ایک درخت پر پھرتی سے چڑھتے اور تازہ بلیک بیریز توڑتے دکھائی دے رہے ہیں، ان کی پھرتی اور توانائی دیکھ کر مداح حیرت میں مبتلا ہو گئے کہ شاید بھائی نے واقعی کوئی جادوئی طاقت حاصل کر لی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ویڈیو کے پس منظر میں ان کی نئی فلم ’سکندر‘ کا گانا ہم آپ کے بنا چل رہا تھا، جو ویڈیو کو مزید دلچسپ بنا رہا ہے، سلمان خان نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ Berry good for u۔
ویڈیو پر مداحوں کا ردعمل بھی دیدنی تھا، ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ہم لوگ تو 30 سال کی عمر میں ہی سیڑھیاں چڑھتے ہانپ جاتے ہیں، اور یہ 59 میں درختوں پر چڑھ رہے ہیں۔
ایک اور مداح نے کہا کہ جو لوگ سلمان کی فٹنس پر تنقید کرتے ہیں، وہ شاید لفٹ کے بغیر اپنے گھر کی دوسری منزل پر بھی نہ جا سکیں۔
یہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ’سکندر‘ کی باکس آفس پرفارمنس پر مختلف آراء گردش کر رہی ہیں، فلم نے اگرچہ 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کر لیا ہے، تاہم ناقدین اسے توقعات سے کم قرار دے رہے ہیں۔