• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ برقرار

سکھر/عمرکوٹ (بیورو رپورٹ/نامہ نگار) فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ برقرار ہے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ سمیت مسلم ممالک کے حکمراں غزہ کے مظلوموں کی نسل کشی رکوانے کے لئے کردار ادا کریں۔تفصیلات کے مطابق فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اسکولز کے طلباو طالبات بھی سراپا احتجاج بن گئے۔ مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے اسرائیلی مظالم کیخلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بچوں نے اسرائیل و امریکا مردہ باد، فلسطینیوں کو جینے کا حق دو کے نعرے بلند کئے۔ بچوں کے ساتھ موجود اساتذہ نے کہا کہ فلسطین میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، اقوام عالم خاموش تماشائی ہے، خون مسلم پانی کی طرح بہہ رہا ہے، مسلم ممالک کے حکمرانوں نے بھی چپ سادھ رکھی ہے، دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ پھیل رہا ہے، غاصب و فاشسٹ صیہونیت سوچ رکھنے والے ظالم دنیا کے امن کے لئے خطرہ بن گئے ہیں۔ اقوام متحدہ، مسلم ممالک کے حکمران غزہ کے مظلوموں کی نسل کشی رکوانے کے لئے کردار ادا کریں۔ عمرکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر جاری بے رحم بمباری اور انسانیت سوز مظالم کے خلاف تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے عمرکوٹ پریس کلب کے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ممتاز مذہبی رہنما مفتی نعمان ضیائی، عامر راجپوت، اقبال قائم خانی، شہریار راجپوت، ثاقب قائم خانی اور راجپوت برادری کے دیگر معزز رہنماؤں نے کی۔ مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن کے ہاتھوں میں فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز تھے۔ مظاہرین نے زبردست نعرے بازی کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ملک بھر سے سے مزید