اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)ایران میں دہشتگردی کے واقعے میں ہلاک ہونے والے 8 پاکستانیوں کی تصدیق شدہ فہرست جاری کر دی گئی، تہران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کا کہنا ہے کہ واقعے پر ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ایران نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے،سفیر کے مطابق مقتولین کی میتیں جلد پاکستان منتقل کی جائیں گی،مدثر ٹیپو نے متاثرین کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔12 اپریل کو ایران کے صوبہ سیستان کے علاقے مہرستان کے گاؤں بیز آباد میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے آٹھ پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے، جن کا تعلق بہاولپور سے تھا۔ ان میں سے چھ افراد خانقاہ شریف کے رہائشی تھے، جن میں دلشاد، دانش، جعفر، ناصر، نعیم اور عامر شامل ہیں۔ دلشاد، ان کا بیٹا دانش اور بھتیجا جعفر ایک ہی گھر سے تعلق رکھتے تھے دیگر دو مقتولین محمد جمشید اور محمد خالد کا تعلق تحصیل احمدپور شرقیہ سے ہے،لاہور سمیت بہاولپور میں مقتولین کے ورثاء اپنے پیاروں کی میتوں کے منتظر ہیں جبکہ آبائی علاقوں میں تعزیت کے لیے عزیز و اقارب کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔