پشاور (خصوصی نامہ نگار)اسلامی جمعیت طلبہ خیبر میڈیکل کالج پشاور کے زیر اہتمام’’فلسطین: مسئلہ اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں خیبر میڈیکل کالج اور کالج آف ڈینٹسٹری کے طلبہ نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب میں ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبر میڈیکل کالج سید سلمان نے فلسطین کے مسئلے پر طلبہ کی آگاہی، احساسِ ذمہ داری اور عملی کردار پر زور دیا۔مہمانِ خصوصی مولانا شمس الحق حنیف نے فلسطین کے تاریخی پس منظر، بیت المقدس کی اہمیت، اور صہیونی قوتوں کی سازشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے سامی اقوام، بنی اسرائیل کی تاریخ اور یہودی قوم کے رویئے کو قرآن وحدیث کی روشنی میں بیان کیا۔ مولانا شمس الحق نے کہا کہ فلسطین صرف ایک زمینی تنازعہ نہیں بلکہ یہ اُمت مسلمہ کے ایمان اور اتحاد کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے مسلم دنیا کی بے حسی اور عالمی طاقتوں کے دوہرے معیار پر بھی شدید تنقید کی۔بعد ازاں شرکاء نے فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے ایک پُرامن علامتی واک نکالی۔