کراچی (نیوز ڈیسک)خان اکیڈمی پاکستان نے ملک کے نمایاں فلاحی تعلیمی ادارے اخوت کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت خان اکیڈمی کا اے آئی صلاحیتوں کے حامل جدید ترین ٹیچنگ اسسٹنٹ خانمیگو اخوت کے اسکولوں میں آزمائشی بنیادوں پر متعارف کروایا جائے گا۔معاہدے پر اخوت کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب اور خان اکیڈمی پاکستان کے سی ای او ذیشان حسن نے دستخط کیے۔اس شراکت داری کو پاکستان کے تعلیمی شعبے میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے مؤثر استعمال کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد اساتذہ کی معاونت اور طلبا کے تعلیمی نتائج کو بہتر بنانا ہے۔ذیشان حسن نے کہا، ’خانمیگو اساتذہ کی ذاتی نوعیت کی تدریس میں معاونت کےلیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ہم اخوت کے ساتھ مل کر پاکستان کے تعلیمی منظرنامے میں اس کے امکانات دریافت کرنے پر خوش ہیں۔