• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گولڑہ پولیس کا چوری کیس میں کارروائی سے انکار، گواہوں کو دھمکیاں

راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر)تھانہ گولڑہ کےایس ایچ او نے مخالف فریق سے مبینہ ملی بھگت کر کے شہری کی آبائی زمین سے تعمیراتی سامان اور فرنیچر چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی سے انکارکردیا۔متاثرہ شہری کی جانب سے پیش کئے گئے گواہوں کو ڈرایادھمکایا جا رہا ہے۔ گوالمنڈی کے رہائشی محمدبلال ولدشبیراحمدنے ایس ایس پی آپریشنزاسلام آباد کودی گئی درخواست میں مؤقف اختیارکیاکہ موضع جوہد اسلام آباد میں ذاتی جائیداد/زمین ہے جس پر نالی تعمیر کے لئے 12سوبلاک ،ایک ٹرالی ریت اور 10بوری سیمنٹ منگواکررکھاتھا۔2فروری کو2 بجے دن میں اپنی زمین میں موجودتھا اور لیبر کام کررہی تھی کہ اس دوران جنید ظہیر نے پولیس کو غلط اطلاع دے کر میرے خلاف ایک من گھڑت کہانی بناکر مجھے گرفتار کروادیا۔3فروری 2025 کومیں اسی ایف آئی آرمیں جیل چلاگیااور میری عدم موجودگی میں ملزمان جنید ظہیر وغیرہ نے باہم صلاح مشورہ ہوکرمیراتعمیراتی سامان ،10کرسیاں 2ٹیبل چوری کرلئے ۔موقع پر موجود میرے ایک جاننے والے نے چوری کے دوران موبائل سے اس کی ویڈیوبنالی ،جیل سے آنے پرمیں نے ایس پی صدرزون کو درخواست دی جوانہوں نے ایس ڈی پی اوکومارک کی جنہوں نے متعلقہ تفتیشی افسر کوقانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کی ۔تھانہ گولڑہ کے تفتیشی افسر نے کارروائی شروع کی ،ہم نے گواہوں کوپیش کیاجن کے بیان بھی قلمبند کرلئے گئے لیکن جمعرات کو فریق مخالف کی مبینہ ملی بھگت سے ایس ایچ اوگولڑہ سب انسپکٹر ناصر منظورنے نہ صرف تفتیشی کومزید کارروائی سے روک دیابلکہ واقعہ کے گواہوں کوڈرانا دھمکانا شروع کردیاکہ میں تمہارے خلاف پرچہ دوں گا۔مجھے بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ میں تمہارے اسلحہ کے لائسنس کینسل کروادوں گا۔محمدبلال نے آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس آپریشنزسے اپیل کی ہے کہ اسے انصاف دلوایاجائے۔ اس ضمن میں ایس ایچ او سے موقف لینے کیلئے دو مرتبہ رابطہ کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔
اسلام آباد سے مزید