کوئٹہ(خ ن)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ(ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت افغان مہاجرین کے انخلا کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں کوئٹہ میں مکین غیر قانونی افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن محمد بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) کیپٹن (ر) عبداللہ بن عارف، اسسٹنٹ کمشنر (صدر) کیپٹن (ر)حمزہ انجم، اسسٹنٹ کمشنر (کچلاک) نعمت اللہ ترین اور اسسٹنٹ کمشنر (سریاب)سعد کلیم ظفر نے شرکت کی۔ اجلاس میں غیر قانونی افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ہدایت جاری کی کہ آج سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مجسٹریٹس اور پولیس افسران کے ساتھ مل کر کارروائیاں کریں گے اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں غیر قانونی افغان مہاجرین کو گرفتار کر کے ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔