• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد حزب اختلاف کی باضابطہ تقرری، 8 اہم وفاقی کمیشنز اور اداروں کی تشکیل ممکن ہوجائے گی، ذرائع

اسلام آباد( صالح ظافر)قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کی باضابطہ تقرری کے نتیجے میں وفاقی سطح کے آٹھ اہم کمیشنز اور اداروں کی ضرورت کے مطابق تشکیل ممکن ہو جائے گی۔ ان اداروں کے ارکان کی نامزدگی قومی اسمبلی کے قائدِ حزبِ اختلاف کی جانب سے یا اُن سے مشاورت کے ساتھ کی جانا آئینی و قانونی تقاضا ہے۔ ان میں نگران وزیرِ اعظم، چیف الیکشن کمشنر، نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرمین و اراکین اور قومی اسمبلی کی چند اہم کمیٹیاں شامل ہیں۔اعلیٰ سطحی پارلیمانی ذرائع نے ہفتے کے روز دی نیوز/جنگ کو بتایا کہ محمود خان اچکزئی کی قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کے طور پر نامزدگی سے ایوانِ زیریں کے امور کی روانی میں مدد ملے گی اور اہم کمیشنز اور اُن کے اراکین کی تقرری کے عمل کا آغاز بھی ممکن ہو سکے گا۔ذرائع نے یاد دلایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) آئین کے آرٹیکل 213 کے تحت تشکیل پاتا ہے، جہاں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے اراکین آرٹیکل 215 کی شق (1) کے دوسرے پروویزو کے مطابق اپنے جانشینوں کے منصب سنبھالنے تک عہدے پر فائز رہتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید