• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول سروسز اکیڈمی، 53 ویں سی ٹی پی افسران کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ

لاہور(آصف محمود بٹ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی لاہور میں53ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے پروبیشنری افسران کے اعزاز میں الوداعی عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔136پروبیشنری افسران نے کامن ٹریننگ کامیابی سے مکمل کرلی، تربیت میں فیلڈ بیسڈ لرننگ، قیادت اور قومی اقدار پر خصوصی توجہ، تقریب میں پروبیشنری افسران، ان کے والدین، اکیڈمی کے اساتذہ اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ائریکٹر کامن ٹریننگ پروگرام ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی نے  کہا کہ اکیڈمی نے ایسے علم دوست  افسران تیار کیے ہیں جو آئینی شعور، اخلاقی فیصلوں اور عوامی خدمت کے جذبے سے لیس ہیں، تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد تلاوتِ کلامِ پاک پیش کی گئی۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس بلال اکرم بٹ نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے پروبیشنری افسران اور ان کے والدین کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اکیڈمی کی جانب سے فراہم کی گئی انتظامی، لاجسٹک اور فلاحی سہولیات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ایک محفوظ، منظم اور معاون تربیتی ماحول فراہم کرنا تھا تاکہ افسران اپنی تعلیمی، جسمانی اور کردار سازی کی تربیت پر بھرپور توجہ دے سکیں۔ڈائریکٹر کامن ٹریننگ پروگرام ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 53ویں سی ٹی پی میں 136 پروبیشنری افسران شامل تھے جو پاکستان کے تمام وفاقی اکائیوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افسران نے ایک ازسرِنو ترتیب دیے گئے، سخت اور جامع تربیتی پروگرام کو مکمل کیا جو تجرباتی اور عملی تعلیم پر مبنی تھا۔ انہوں نے کہا کہ سول سروسز اکیڈمی کی جدید تربیتی حکمتِ عملی کے تحت کلاس روم تک محدود تعلیم کے بجائے فیلڈ بیسڈ لرننگ کو فروغ دیا گیا۔ اس سلسلے میں افسران نے مقامی کمیونٹیز، سرکاری اداروں، صنعت، تعلیمی اداروں اور عدلیہ کے ساتھ باقاعدہ منسلکیاں کیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اسٹڈی ٹور کے دوران انہیں قیادت اور پالیسی سازی کے عملی پہلوؤں سے بھی روشناس کرایا گیا۔ڈاکٹر شبیر اکبر زیدی نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اکیڈمی نے ایسے علم دوست اور باکردار افسران تیار کیے ہیں جو آئینی شعور، اخلاقی فیصلوں اور عوامی خدمت کے جذبے سے لیس ہیں اور موجودہ دور کے حکومتی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکتے ہیں۔ تقریب میں پروبیشنری مینجمنٹ کمیٹی کے پہلے اور دوسرے ٹرم کے نمائندوں نے اپنی تربیتی زندگی اور مشترکہ تجربات پر اظہارِ خیال کیا۔ بعد ازاں 53ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے نمایاں مراحل اور کامیابیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔
اہم خبریں سے مزید