اسلام آباد(خالدمصطفیٰ) پاکستان نے ریاض میں منعقدہ فیوچر منرلز فورم (FMF) کے موقع پر خود کو عالمی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک ابھرتی ہوئی منزل کے طور پر پیش کیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں اور وزارتی مباحثوں میں شرکت کرتے ہوئے ملک کے معدنی وسائل اور پالیسی اصلاحات کو اجاگر کیا۔سرکاری پریس نوٹ کے مطابق وزیر نے اس بین الاقوامی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں دنیا بھر سے حکومتی عہدیداروں، سرمایہ کاروں اور صنعت کے رہنماؤں نے اہم معدنیات اور عالمی سپلائی چین کے مستقبل پر تبادلۂ خیال کیا۔ اپنی مصروفیات کے دوران علی پرویز ملک نے پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے ضوابط میں آسانی اور اصلاحات پر زور دیا۔فورم کے موقع پر وفاقی وزیر نے سعودی عرب کے وزیرِ توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان السعود سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے توانائی اور معدنی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہاؤ میں اضافے اور شراکت داریوں کو سہل بنانے پر بات ہوئی۔علاوہ ازیں، علی پرویز ملک نے عالمی توانائی و صنعت کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں انٹرنیشنل انرجی فورم کے سیکریٹری جنرل جاسم الشیراوی، میٹسو کارپوریشن کے سی ای او سامی تاکالُوما، ڈیلٹا آئل کے چیئرمین بدر العیبان اور سعودی ایکزِم بینک کے سی ای او انجینئر سعد الخلب شامل تھے۔