• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیہ عظمیٰ کی کونسل کا اجلاس، تعزیتی قرار دادیں متفقہ طور پر منظور

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا اجلاس میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں منعقد ہوا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مر اد اورمیونسپل کمشنر افضل زیدی بھی اس موقع پر موجود تھے، اجلاس میں گزشتہ جمعرات کو گلشن ضیاء اورنگی ٹاؤن میں دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے محمد عامر بھٹو سے متعلق تعزیتی قرارداد پیش کی گئی جبکہ محمد جمن دروان، جاوید شیخ، مسرت نیازی اور دل محمد کی جانب سے پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل اور سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر ایک قرارداد پیش کی گئی، سینیٹر تاج حیدر کے حوالے سے ہی دوسری قرارداد سیف الدین ایڈووکیٹ، آفاق بیگ، حافظ اسامہ کی جانب سے پیش کی گئی، جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر سیف الدین ایڈوکیٹ اور تیمور احمد نے تعزیتی قرارداد پیش کی،اجلاس میں چاروں قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں،اجلاس سے عمران شاہ، سیف الدین ایڈوکیٹ، جمن دروان، حافظ اسامہ، مقبول احمد، مسرت نیازی، محمد وسیم مرزا اور بشیر خاصخیلی نے خطاب کیا، مقررین نے آئی جی سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ محمد عامر بھٹو کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے، آج کا یہ اجلاس دہشت گردوں کے ہاتھوں محمد عامر بھٹو کے قتل کی شدید مذمت اور اہل خانہ سے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے، اجلاس میں مقررین نے کہا کہ تاج حیدر اور پروفیسر خورشید احمد کے انتقال سے علمی و فکری دنیا میں ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے جو عرصے تک محسوس کیا جائے گا، اجلاس میں تینوں مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی گئی بعد ازاں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی روایت کے مطابق اجلاس غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید