کراچی(اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور سی ٹی ڈی نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث بلوچ لیبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب کارندے اختر عرف اکو عرف بنگالی کو گرفتار کرلیا ،ترجمان رینجر زکے مطابق ملزم محلہ سر گواد لیاری کا رہائشی ہے، 2019 میں اپنے قریبی ساتھی فراز عرف گنج بلوج کے کہنے پر بی ایل ایف میں شامل ہوا اور متعدد حساس مقامات کی ریکی کرنےاور ویڈیوز بنانے میں ملوث رہا ہے،دوران تفتش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ 9 مارچ 2021 کو اپنے ساتھی فراز عرف گنج کے ساتھ بغدادی کے علاقہ نزد کمیلا بس اسٹاپ لیاری پر چائنیز نیشنل کی گاڑی پر فائرنگ کرنے ، فراز عرف گنج کے ہمراہ حب چوکی میں صحافی اکرم ساجدی اور شاہد زہری کی ریکی کرنے اور ویڈیوز بنا کر بی ایل ایف کے کمانڈر عبد الرحمٰن عرف عدنان عرف ڈیوڈ کو بھجوانے میں ملوث ہے، 10 اکتوبر 2021 کو بی ایل ایف کے دہشت گردوں نے حب چوکی کے علاقے میں شاہد زہری کی گاڑی پر بم نصب کر کے بلاسٹ کیا تھا جس کےنتیجے میں شاہد زہری جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے ، یکم نومبر 2021 کو حب چوکی کے علاقے میں صحافی اکرم ساجدی کی گاڑی پر بم نصب کر کے بلاسٹ کیا تھا جس میں اکرم ساجدی جاں بحق ہوگئے تھے ، گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔