کراچی( افضل ندیم ڈوگر) جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو کی 66 ویں سالگرہ کی کراچی میں شاندار تقریب،قونصل جنرل جاپان کراچی ہاتوری ماسارو نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر باہمی ترقی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔ وہ کراچی میں شہنشاہِ جاپان ناروہیتو کی 66 ویں سالگرہ کی استقبالیہ تقریب (قومی دن کی تقریب) میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری اور صوبائی وزیر سعید غنی تھے۔ مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات بھی تقریب میں شریک تھیں۔ استقبالی خطاب میں قونصل جنرل ہاتوری نے کراچی میں تیسری قومی دن کی تقریب کی مسلسل میزبانی پر بےحد خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاپان اور پاکستان کے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی اور حالیہ کوششوں کو اجاگر کیا جو دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے کی گئی ہیں۔۔گورنر سندھ نے اپنی گفتگو میں جاپانی حکومت اور عوام کو اُن کے قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے جاپان کے اُس کردار کو سراہا جو پاکستانی کارکنوں اور طلبہ کی ضروریات کو پورا کرنے میں ادا کیا جا رہا ہے اور جاپان کے اُس کردار کو بھی تسلیم کیا جو پائیدار ترقی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے میں ہے۔ تقریب کا اختتام روایتی کیک کاٹنے کی روایت اور جاپانی و پاکستانی پکوانوں پر مشتمل عشائیے کے ساتھ ہوا جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کی علامت تھا۔