پشاور ( وقائع نگار)ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں فقیرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کی نگرانی کی اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور کوریج کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پولیو ورکرز کی محنت، جذبہ اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیمیں قومی خدمت کے جذبے کے تحت نہایت اہم فریضہ انجام دے رہی ہیں، جنہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے والدین پر زور دیا کہ وہ پولیو ویکسینیشن کے حوالے سے غفلت نہ برتیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک اور موذی مرض ہے جو بچوں کی زندگی کو معذوری میں بدل سکتا ہے، اور اس کا واحد مؤثر حل پولیو ویکسین ہے۔انہوں نے کہا، “یہ صرف آپ کے اپنے بچے کا تحفظ نہیں بلکہ پورے معاشرے کی صحت اور ہمارے قومی مستقبل کا سوال ہے۔ والدین ہر مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔