اسلام آباد(طاہر خلیل )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق نے پی آئی اے حکام کے خلاف رکن اسمبلی عبدالقادر پٹیل کی طرف سے پیش کی گئی تحریک استحقاق کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر، پی آئی اے کی عدم موجودگی کے باعث ایجنڈا موخر کر دیا اور ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں سی ای او کی حاضری یقینی بنائی جائے،رکن اسمبلی فتح اللہ خان کیساتھ پولیس اہلکار کی فون پر بدتمیزی واقعہ کی آڈیو ریکارڈنگ فراہم کرنیکی سفارش ،مجلس قائمہ نے رکن اسمبلی فتح اللہ خان کی جانب سے پنجاب پولیس کے اہلکار کے خلاف تحریک استحقاق کے حوالے سے غور کے بعد اس فون کال کی آڈیو ریکارڈنگ فراہم کرنے کی سفارش کی جس میں بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا اور اس کے ساتھ ہی معاملے کی تحقیقات کے لیے اندرونی انکوائری شروع کی گئی،علاوہ ازیں کمیٹی نے قومی اسمبلی میں قواعد و ضوابط اور پارلیمانی بزنس کے قاعدہ 2007 کے ذیلی قاعدہ 2 میں عالیہ کامران کی جانب سے پیش کی گئی ترامیم کی منظوری دے دی۔قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ایم این اے محمد افضل کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرا، سید عمران احمد شاہ، رانا محمد قاسم نون، سردار محمد یعقوب خان ناصر، میر خان محمد جمالی، ذوالفقار بچانی، میر غلام علی تالپور، رمیش لعل، خواجہ اظہار الحسن، علی خان جدون، ملک محمد عامر ڈوگر ، عبدالقادر پٹیل، عالیہ کامران، فتح اللہ خان اور سید رفیع اللہ نے شرکت کی۔ وزارت پارلیمانی امور، وزارت قانون و انصاف، وزارت داخلہ، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس، اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔