کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نےوزیر اعلیٰ ہاوس میں ملاقات کی جس میں امریکا اور حکومتِ سندھ کے درمیان باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا خصوصاً موسمیاتی تبدیلی اور اسکے اثرات پر زور دیا گیا، تعلیم، صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں تعاون پر غور کیا گیا جبکہ باہمی تعلقات کومزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں امریکی قونصل جنرل اسکاٹ اوبیرم، چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکرٹری آغا واصف اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور نٹالی بیکر نے زرعی ترقی اور جدید کاشتکاری ٹیکنالوجیز کے استعمال سمیت مختلف دوطرفہ امور پر خیالات کا تبادلہ کیا۔ دونوں نے تعلیم، صحت کے شعبوں اور سرمایہ کاری میں تعاون پر بھی غور کیا اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔