اسلام آباد (طاہر خلیل)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور سفارتی تعلقات کی تنزلی کے فیصلوں کی مذمت کرتے ہوئے ان اقدامات کو شدید اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔ جمعرات کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس رانا ارادت شریف خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔کمیٹی نے متفقہ طور پر دو قراردادیں منظور کیں، پہلی قرارداد میں سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور سفارتی تعلقات کی تنزلی سمیت بھارتی حکومت کے اقدامات کی شدید مذمت کی،ان اقدامات کو سنگین اشتعال انگیزی قرار دیا گیا۔ دوسری قرارداد میں غزہ میں معصوم شہریوں کی جانوں کے المناک نقصان کی شدید مذمت کی گئی، اسرائیل کے اقدامات کو نسلی کشی کی ایک شکل قرار دیا ۔سیکرٹری وزارت پارلیمانی امور نے کمیٹی کو وزیر اعظم کے پبلک افیئرز اور شکایات ونگ کی کارکردگی بڑھانے کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی جس کا مقصد ملک بھر میں خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں اس کی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔