پشاور (جنگ نیوز)سیکرٹری ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ طاہر شاہ کی ہدایات پر ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کے زیرِ اہتمام مختلف ٹریڈز کے سالانہ امتحانات کا سلسلہ جاری ہے۔ ان امتحانات میں ملک بھر سے مختلف ٹریڈز جیسے الیکٹریشن، پلمبر، ویلڈر، کارپینٹر، اور آٹو مکینک سمیت دیگر فنی شعبوں کے طلباء نے بھرپور شرکت کی۔نگران امتحانات ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ امتحانات کا مقصد نوجوانوں کی فنی مہارتوں کا جائزہ لینا اور انہیں سرکاری سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیٹ جاری کرنا ہے تاکہ وہ ملک اور بیرونِ ملک روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔سیکرٹری طاہر شاہ نے اس موقع پر کہا کہ ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور تمام مراحل کو منصفانہ طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات ہنر مند نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔امتحانات کے کامیاب انعقاد پر متعلقہ اداروں اور امتحانی عملے کی کارکردگی کو سراہا گیا، جبکہ طلباء نے بھی بورڈ کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا