بالی ووڈ اداکارہ شہناز گِل کو کالج کی طالبہ نے بوسہ دے دیا، سوشل میڈیا پر ردِعمل کی بارش ہو گئی، مداحوں کو اداکارہ کا انداز بھا گیا۔
مشہور اداکارہ اور گلوکارہ شہناز گِل ایک بار پھر مداحوں کے دل جیتنے میں کامیاب ہو گئیں، اس بار ان کے خلوص اور عاجزی نے سوشل میڈیا صارفین کو دیوانہ بنا دیا۔
حال ہی میں ممبئی کے ایک کالج ایونٹ کے دوران شہناز کو ایک جذباتی طالبہ نے اسٹیج پر آ کر گال پر بوسہ دیا اور شہناز نے ناصرف اسے خوش دلی سے قبول کیا بلکہ محبت بھرا ردعمل دے کر سب کو متاثر کر دیا۔
اس ایونٹ میں شہناز گِل نے طلبہ کے ساتھ گھل مل کر خوب وقت گزارا، انہوں نے اپنی خوبصورت آواز میں فلم ٹائیگر زندہ ہے کا مشہور گانا دل دیاں گلاں گایا، جس پر حاضرین جھوم اٹھے۔
شہناز اس موقع پر زرد رنگ کے روایتی لباس (شلوار قمیض) میں نہایت دلکش نظر آ رہی تھیں۔
ایونٹ کے دوران ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک طالبہ اسٹیج پر آ کر شہناز گل کو گال پر بوسہ دیتی ہے، شہناز اس محبت بھرے عمل پر حیران اور خوش ہو کر مسکرا دیں اور شکریہ ادا کیا، ان کا رویہ دیکھ کر طالبہ کا دن بن گیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی تعریفوں کی بارش ہونے لگی۔
مداحوں نے شہناز کے ردِعمل کو خالص دل والا اور حقیقی اسٹار کی پہچان قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ شہناز جیسے سچے اور عاجز لوگ کم ہوتے جا رہے ہیں، یہ ان کی خوبصورتی ہے کہ وہ ہر کسی کو عزت دیتی ہیں۔
دوسرے صارف نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ شہناز گِل کو لوگ دل سے چاہتے ہیں وہ شہرت کے باوجود اپنی زمین سے جڑی ہوئی ہیں۔