اسلام آباد (جمیلہ اچکزئی) امریکی ناظم الامور نیتھلی بیکر نے اقتصادی ترقی کے فروغ میں نجی شعبے کی قیادت کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بیکر نے کراچی کے دو روزہ دورے کے اختتام پر کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے اقتصادی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مضبوط کاروباری شراکت داریوں کو مشترکہ خوشحالی کی تعمیر کی کلید سمجھتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کا مقصد امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینا اور کاروباری شراکت داریوں کو مضبوط بنانا ہے۔ دورے کے دوران بیکر نے پاکستان کی معروف کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز سے ملاقات کی تاکہ اقتصادی رجحانات، سرمایہ کاری کے مواقع، اور تجارتی تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ گفتگو کے موضوعات میں پاکستان کا آئی ایم ایف سے تعلق، کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کی کوششیں، اور علاقائی تجارت شامل تھیں۔ بیکر نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر صوبائی حکام سے بھی ملاقات کی تاکہ قریبی اقتصادی تعاون کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔ ان کی گفتگو کا محور منصفانہ اور باہمی تجارت، توانائی کے شعبے میں تعاون، اور سائنس و ٹیکنالوجی میں جدت پر رہا۔ امریکن بزنس کونسل کے ساتھ ایک ملاقات میں بیکر نے امریکہ سے وابستہ کمپنیوں کے نمائندوں سے پاکستان کے بڑھتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبے اور اس کے برآمدات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت پر بات چیت کی۔