اسلام آباد ( خصوصی نمائندہ ) سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کی معطلی پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کا یذیدی ہتھکنڈہ ہے، اسے جذبہ حسینیت سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دہشتگردی کے ذریعہ پاکستان کو زیر کرنے کی کوششوں میں مسلسل ناکامی کے بعد بھارت نے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچایا۔ دفاعِ وطن کیلئے پوری قوم پاک فوج کی پشت پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور قومی سلامتی کے اداروں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لاتعداد و لازوال قربانیاں پیش کر کے ازلی دشمن کا پاکستان کو زیر کرنے کا خواب چکنا چور کر رکھا ہے۔