کراچی(اسٹاف رپورٹر)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنے انتظامی افسران اور عملے کے اعزاز میں دوسرا سالانہ عشائیہ کا انعقاد کیا۔ یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں ہونے والی تقریب میں ملازمین کا جوش و جذبہ اور حب الوطنی دیدنی تھی۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (ستارۂ امتیاز، تمغۂ امتیاز) نے استقبالیہ خطاب میں یونیورسٹی کے انتظامی عملے کی محنت، لگن اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیاا، تقریب کا ایک جذباتی لمحہ ریٹائرڈ ملازمین کو اعزازی شیلڈز پیش کرنے کا تھا، جنہوں نے اپنی خدمات اور طویل وابستگی سے یونیورسٹی کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں فریدہ بانو (کیٹالاگر کلاسیفائیڈ)، مشتاق احمد (مشین آپریٹر)، شوکت علی (سینئر آفس سپرنٹنڈنٹ)، کوکب ضیاء (آفس سپرنٹنڈنٹ) اور نذیر نائچ (آفس سپرنٹنڈنٹ) شامل تھے۔ وائس چانسلر نے ذاتی طور پر انہیں شیلڈز پیش کیں اور ان کی خدمات کو سراہا۔رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام شعبہ جات کی انتھک محنت کو سراہا اور ایک معاون و مثبت ماحول کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے دوران داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی نے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار بھی کیا اور بھارت کی کسی بھی جارحانہ کارروائی کے خلاف اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے اس جذبے کو بے حد سراہا اور قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔