اسلام آباد (ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار ) انسداد منشیات فورس نے کروڑوں روپے مالیت کی 720 کلوگرام چرس بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے ، منشیات پنجگورسے گوادر اور پھر تنزانیہ اور یمن بھیجی جانی تھی۔اے این ایف ٹیم نےانٹیلی جنس اطلاع موصول ہونے پر فوری کاروائی عمل میں لائی، جیوانی کراس، گوادر کے قریب مشکوک ہینو ٹرک اور پراڈو گاڑی کو روکا۔ ٹیم نے ٹرک اور پراڈو گاڑی کی تلاشی لی، جس کے نتیجے میں گاڑیوں سے مجموعی طور پر 720 کلو گرامایکسپورٹ کوالٹی چرس کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی جبکہ دو ملزمان کو بھی موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ چرس گاڑی کے فرش میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔منشیات فروشوں کا نیٹ ورک یمن اور تنزانیہ منشیات اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا ۔اے این ایف کی بروقت مؤثر انٹیلی جنس کاروائی اور حکمت عملی سے بین الاقوامی اسمگلنک کی کوشش کو ناکام بنایا گیا-گرفتار ملزمان کے انکشاف کے بعد اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر ملزمان اور منشیات سپلائرز کی گرفتاری کے لیے مسلسل کاروائیاں جاری ہیں۔ اے این ایف کی منظم اور مستحکم کاروائیاں، منشیات کے نیٹ ورکس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو ظاہر کرتی ہے۔ گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج لیا گیا ہے۔