• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت دشمن کی سازش کے مقابلے کیلئے حکمت عملی وضع کرے، شریعت کونسل

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالرؤف فاروقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف محمدی، سیکرٹری اطلاعات حافظ منیر احمد اور دیگر رہنماؤں نے قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کو بروقت، سنجیدہ اور ملکی مفادات سے ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے ان کی بھرپور تائید و تحسین کی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی حالات کے تناظر میں پاکستان کی قومی قیادت کی طرف سے ملکی خودمختاری، قومی وقار، نظریاتی سرحدوں اور ریاستی اداروں کے تحفظ کے لیے جو مؤقف اختیار کیا گیا ہے وہ وقت کی ضرورت اور قوم کے جذبات کا ترجمان ہے۔ پاکستان شریعت کونسل کے قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی سلامتی سے متعلق فیصلوں پر مستقل مزاجی اور جرأت کے ساتھ عمل درآمد یقینی بنائے ۔ دریں اثناء پاکستان شریعت کونسل کے سرپرست مولانا مفتی رویس خان ایوبی، مولانا عبدالقیوم حقانی، نائب امیر مولانا عبدالرزاق، مولانا رشید احمد درخواستی، مولانا تنویر الحق تھانوی، مولانا شبیر احمد کشمیری، چوہدری خالد محمود ایڈووکیٹ، مولانا رمضان علوی، مولانا قاری اللہ داد، مفتی محمد نعمان پسروری، مولانا عبدالحفیظ محمدی، مولانا ثناء اللہ غالب، مولانا عبدالحسیب خوستی، مولانا محمد امین اور دیگر رہنماؤں نے بھی قومی سلامتی کے فیصلوں کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو متحد ہو کر دشمن کے عزائم ناکام بنانے ہوں گے۔ اور قیادت کو قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنا چاہیے۔
اسلام آباد سے مزید