اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ راولپنڈی اور چکلالہ چھاؤنی کے رہائشیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ پانی کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے یومیہ 10لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے والے جدید زیر زمین ٹینکس کی تعمیر حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔ یہ منصوبے مقامی آبادیوں میں پانی کی کمی کے دیرینہ مسئلے کا دیرپا حل فراہم کرینگے جس سے نہ صرف پانی کی سپلائی میں بہتری آئے گی بلکہ گرمیوں کے موسم میں پیدا ہونے والی قلت پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومت سے ملنے والی گرانٹس کی بدولت ان منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، راولپنڈی اور چکلالہ چھاؤنی کے علاقوں میں ہر سال گرمیوں کے آغاز پر پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جس کی بڑی وجہ مقامی سطح پر پانی ذخیرہ کرنے کی سہولتوں کا فقدان تھا، بھاٹہ چوک میں دو لاکھ گیلن اور گوالمنڈی میں ایک لاکھ گیلن پانی یومیہ ذخیرہ کرنے کے لیے زیر زمین ٹینکس پر تیزی سے کام جاری ہے، پانی کے۔صوںوں کی تکمیل سے ان علاقوں میں پانی کی فراہمی 100 فیصد یقینی ہو جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، انشاءاللہ آئندہ بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت کینٹ کے عوام کو ساتھ لے کر چلے گی، کینٹ کے عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں اور ان کی خوشحالی ہی ہماری سیاست کا مرکز ہے۔