اسلام آ باد (نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی اسلام آباد نے غزہ سے یکجہتی کے لئے ہونے والی شٹر ڈاؤن ہڑتال کامیاب کرنے پر عوام اور تاجر تنظیموں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پورا اسلام آباد آج فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت اسرائیل اور امریکہ کی مذمت کررہاہے ،جلد فلسطین آزاد اور ناجائز ریاست اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ان خیالات کااظہارنائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں اسلم اور امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کراچی کمپنی جی نائن مرکز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ملک عبدالعزیز، راہ نما تاجر یونین راؤ جاوید و دیگر موجود تھے۔ میاں اسلم نے کہاکہ اسلام آباد سمیت پورے پاکستا ن میں ہر جگہ ہڑتال ہورہی ہے اور سارے دکاندار فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں ۔ نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ اسلام آباد کی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے غزہ مارچ میں شرکت کی اور اس مارچ کو دنیا کے بڑے مارچ میں شامل کردیا۔پاکستان کے لوگوں نے ثابت کیا کہ جب غزہ پر سخت وقت آیا تو پاکستان کے عوام نے ان کا ساتھ دیا۔